راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پروجیکٹ اپنا مقصد پورا نہیں کرسکا
راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پراجیکٹ کئی ارمان بہا کر لے گیا۔ اس پروجیکٹ کا افتتاح سابق وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا لیکن افتتاحی تقریب میں کئے گئے وعدے وفا نہ ہوسکے۔
روڈا کے نام سے معروف اس پروجیکٹ میں بہتی ہوئی نہر اور کھلاتے کھیت ہی نہیں بلکہ کئی ارمان اور خواب بھی زد میں ہیں۔
نقشے کے مطابق منصوبے کے فیز ون کا کل رقبہ 22 ہزار705 ایکڑ پر مشتمل ہے جس میں دریائے راوی کے بائیں کنارے پر واقع 9 ہزار 515 ایکڑ، اس کے دائیں کنارے پر 7 ہزار 34 ایکڑ،دریا کے کنارے پر 6ہزار 156 ایکڑ،22سو ایکڑ پر پھیلا جزیرہ اور 612 ایکڑ پر پھیلی ہوئی بستیاں شامل ہیں۔
ان علاقوں کے رہائشیوں اور زرعی زمین کے مالکان کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ وہ اپنی زمین کو اس پراجیکٹ کے لیے دینے پر رضامند نہیں ہیں۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے ان پر اس حوالےسے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
علاقے کے کسانوں اور روای پراجکٹ سے متاثر ہونے والے دیگر افراد کی جانب سے احتجاج بھی کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اس پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔
دوسری جانب زمینداروں نے اپنے گھروالوں کے ساتھ عمران خان کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری زمین کے عوض ہمیں معاوضہ اتنا دیں کہ ہم کوئی کام شروع کرسکیں۔