ٹرانس جینڈر ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا

تین شقیں زیر بحث ہیں، بل پر سیاست نہیں رہنمائی کی جائے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

ٹرانس جینڈر ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا، سینیٹر مشتاق احمد کا اپنی مجوزہ ترامیم زیر غور لانے کا مطالبہ کردیا۔ سینیٹ میں تحریک انصاف کے رکن محسن عزیز نے ٹرانس جینڈر بل کی منظوری کے وقت ایوان میں موجود ہونے پر رب سے معافی مانگ لی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تین شقیں زیر بحث ہیں، نیت سب کی صاف ہے، بل پر سیاست نہیں رہنمائی کی جائے۔ چیئرمین نے بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

ایوان بالا (سینیٹ) میں پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر فوزیہ ارشد نے خواجہ سراؤں کے تحفظ سے متعلق ترمیمی بل 2022ء پیش کردیا۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نقطہ اعتراض پر بل میں ان کی ترامیم پر غور کرنے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ تمام علماء متفق ہیں یہ بل خلاف اسلام ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز نے کہا وہ اللہ سے معافی مانگتے ہیں کہ جب یہ بل پاس ہوا تو وہ ایوان میں موجود تھے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بولے 3 شقیں زیر بحث ہیں، خلاف شریعت کوئی کام نہیں ہوگا، بل پر سیاست کرنے کے بجائے رہنمائی کی جائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ترمیمی بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

سینیٹر رانا مقبول نے لندن میں خاتون وزیر کو ہراساں کرنے کا معاملہ بھی ایوان میں اٹھا دیا، پوچھا یہ سلسلہ آخر کب تک جاری رہے گا؟، لندن واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔

قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپے کا معاملہ اٹھایا، تو وزیر قانون بولے سیف اللہ نیازی کیس کی رپورٹ اس ہفتے کے آخر تک آجائے گی لیکن یہ اپنا ساڑھے 3 سالہ فسطائی دور بھی دیکھیں۔

ایوان میں چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کی مراعات، تنخواہیں اور الاؤنس ایکٹ 1975ء میں مزید ترمیم کا بل منظور کرلیا گیا۔

پاکستان

SENATE

TRANSGENDER BILL

Tabool ads will show in this div