کراچی میں عالمی بینک کے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس
کراچی میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے سیکریٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں منصوبوں پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور شہر کی تباہ حال سڑکوں سمیت دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کے نمائندوں، ایم ڈی سالڈ ویسٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ورلڈ بینک حکام نے سیکریٹری بلدیات سندھ کو مشکل سیلابی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ورلڈ بینک کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور سڑکوں کی مرمت سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ کام تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہا ہے۔
سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ تمام ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔