راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایسٹ انڈیا کمپنی بن گئی

زمینوں کی کوڑیوں کے بھاؤ خریداری

راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی غریب کسانوں اور زمینداروں کیلئے ایسٹ انڈیا کمپنی بن گئی، کوڑیوں کے بھاؤ زمین خرید کر عالمی ڈیل کے ذریعے اربوں روپے کمانے کی تیاری کرلی۔

راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کیلئے کسانوں کو انتہائی زرخیز زمین کوڑیوں کے بھاؤ بیچنے پر مجبور کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق زرعی زمین کی 1250 روپے مرلہ کے ریٹ پر خریداری، دریا کے قریب زمینوں کا ریٹ فی ایکڑ 2 لاکھ روپے لگایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایکوائر کی گئی زمین کے 40 فیصد مالکان اب بھی معاوضے سے محروم ہیں، 2 لاکھ روپے ایکڑ میں خریدی گئی زمین کی کروڑوں روپے میں فروخت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق روڈا نے 2 ہزار ایکڑ زمینداروں سے زمین حاصل کرکے اپنے نام پر منتقل کرلی، روڈا اتھارٹی کو زمین ایکوائر کرنے کیلئے حکومت نے سوا 4 ارب روپے جاری کئے۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ روڈا نے صرف 10 سے 15 فیصد زمینداروں کو ادائیگیاں کیں۔ متاثرین نے اراضی کے انتہائی کم ریٹس پر سخت احتجاج کیا ہے اور اتھارٹی کے مظالم کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے ایک لاکھ 7 ہزار ایکڑ اراضی پر سیکشن 4 جاری کر رکھا ہے، سیکشن 4 راوی سائفن سے ہیڈ بلوکی تک جاری کیا گیا، سیکشن 4 کے باعث مالکان اپنی زمین دوسرے فریق کو بیچنے سے محروم ہیں۔

نقشے کے مطابق منصوبے کے فیز ون 22 ہزار 705 ایکڑ پر مشتمل ہے جس میں دریائے راوی کے بائیں کنارے پر واقع 9 ہزار 515 ایکڑ، اس کے دائیں کنارے پر 7 ہزار 34، دریا کے کنارے پر 6 ہزار 156 ایکڑ، 2 ہزار 200 ایکڑ پر پھیلا جزیرہ اور 612 ایکڑ پر پھیلی ہوئی بستیاں شامل ہیں۔

ان علاقوں کے رہائشیوں اور زرعی زمین کے مالکان کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ وہ اپنی زمین کو اس پراجیکٹ کیلئے دینے پر رضامند نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے ان پر اس بارے میں دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

علاقے کے کسانوں اور روای پراجیکٹ سے متاثر ہونیوالے دیگر افراد کی جانب سے احتجاج بھی کیا جارہا ہے، اس کے باوجود بھی اس پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔

دوسری جانب زمینداروں نے اپنے گھر والوں کے ساتھ عمران خان کیخلاف سخت احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری زمین کے عوض ہمیں معاوضہ اتنا دیں کہ ہم کوئی کام شروع کرسکیں۔

PTI

LAHORE POLICE

RAVI URBAN DEVELOPMENT AUTHORITY

RUDA

Tabool ads will show in this div