چار کمروں کے اپارٹمنٹ میں 9 اے سی لگانے والا شخص پڑوسیوں کی شکایت پر بے دخل

حکام کی بات چیت سے مسئلہ حل کرانے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکی

سنگاپور میں کرائے کے اپارٹمنٹ میں 9 ایئرکنڈیشنرز لگانے والے شخص کو اسکے پڑوسیوں نے گھر سے بے دخل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سنگکانگ میں چار کمروں کے فلیٹ میں رہائش پذیر 63 سالہ ہوانگ جو ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب انکے پڑوسی انکی شکایت لیکر متعلقہ اتھارٹیز کے پاس پہنچ گئے کہ انہوں نے اپنے گھر میں 9 ایئر کنڈیشن لگارکھے ہیں جس سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

پڑوسیوں کا کہنا تھا اتنے زیادہ ایئر کنڈیشنر چلنے کے باعث نمی سے انکے گھر کی دیواریں خراب ہوگئی ہیں اور انہیں دن میں تین بار پوچھا لگانا پڑتا ہے۔

دوسری جانب اے سی لگانے والے 63 سالہ شخص نے موقف اپنایا کہ انہوں نے اپنے گھر کا درجہ حرارت 18 سینٹی گریڈ رکھنے کیلئے اے سی لگائے ہیں کیونکہ انہیں جگر کا کینسر ہے اور ٹھنڈا موسم انکے مدافعتی نظام کو طاقت فراہم کرتا ہے۔

ہوانگ نے بتایا کہ انہوں 5 اے سی لیونگ روم، 2 ماسٹر بیڈ روم اور ایک، ایک باقی دو کمروں کیلئے لگا رکھا ہے۔

حکام نے مذکورہ شخص اور اسکے پڑوسیوں کے مابین بات چیت سے مسئلہ حل کرانے کی کوشش کی تاہم بات نہ بننے پر اس نے فلیٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

ہوانگ نے ڈیلی شن مین نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا میرے پڑوسیوں نے میرے خلاف گٹھ جوڑ کر ر کھا ہے اسی لیے میری شکایت لیکر میڈیا اور اتھارٹیز کے پاس گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آرام پر سمجھوتہ نہیں کرینگے اور اب وہ دوسری جگہ منتقل ہورہے ہیں جہاں وہ تمام ایئر کنڈیشنرز کو دوبارہ لگوائیں گے۔

واضح رہے کہ سنگاپور میں گرمیاں کافی شدید ہوتی ہیں اس لیے وہاں گھروں میں ایئر کنڈیشنگ ضروری سمجھی جاتی ہے تاہم ایک چھوٹے اپارٹمنٹ کے لیے عام طور پر ایک یا دو یونٹ کافی ہوتے ہیں۔

singapore

Tabool ads will show in this div