آرمی چیف ، آئی ایس آئی سربراہ اور چیف جسٹس اپنے نہیں میرٹ پر چاہئیں، عمران خان

مریم نواز موجودہ دورحکومت میں ناجائز کام کرا رہی ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں نہ اپنا آرمی چیف، نہ نیب سربراہ، نہ ایف آئی اے چیف چاہیے، مجھے صرف میرٹ پر یہ لوگ چاہییں۔

کرک میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک پر بڑے بڑے ڈاکوؤں کو بیرونی سازش کے تحت مسلط کیا گیا ہے، ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنی حقیقی آزادی کے لئے جہاد کریں۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2008 سے 2018 کے درمیان جب یہ دونوں پارٹیاں برسراقتدار رہیں تو قبائلی علاقوں میں 400 ڈرون حملے ہوئے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری نظر میں ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر ہے کہ آدمی مر جائے، امریکیوں کے غلاموں کی غلامی سے بہتر ہے کہ انسان زندہ ہی نہ رہے۔

عمران خان نے کہا کہ مریم نواز اپنے داماد کے لئے پاور پلانٹ کی مشینری بھارت سے پاکستان درآمد کروارہی تھی، اس سے بات سامنے آئی ہے کہ وہ ناجائز کام کررہی ہے۔ ہم نے بھارت سے تجارت بند کی تھی ، وہ یہ تجارت کھولنے کی کوشش کررہی ہیں، ابھی بھارت سے تجارت کھلی نہیں لیکن اس کے باوجود مریم نواز کا داماد بھارت سے غیر قانونی طور پر مشینری لے رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 25 مئی کو جب تک ہم پر امن احتجاج کے لئے نکلے تو ہم پر انتہائی ظلم کیا گیا لیکن اب ہماری اسلام آباد پر واردات آخری اور فیصلہ کن ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ اس ملک میں سب کچھ ہے، ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، خیبر پختونکوا میں ایجوکیشن کارڈ منصوبہ لارہے ہیں جس کے تحت طلبہ کہیں بھی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 2 خاندان 30 سال سے ملک پر مسلط ہیں، ان کے دور میں بھارت اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گئے، کیونکہ ہم نے کبھی آمدنی بڑھانے کا نہیں سوچا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے نہ اپنا آرمی چیف چاہیے ، نہ آئی ایس آئی کا سربراہ چاہیے، نہ اپنا چیف جسٹس چاہیے اور نہ ہی نیب کا سربراہ چاہیے۔ مجھے یہ لوگ میرٹ پر چاہئیں۔ بلاول کے باپ کو میرٹ کا مطلب ہی نہیں پتہ، اگر میرٹ کا پتہ ہوتا تو آج بلاول کی جگہ پارٹی کا چیئرمین اعتزاز احسن ہوتا ، جو پڑھا لکھا اور منجھا ہوا سیاستدان ہے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کے بعد ہمیشہ کے لئے زرداری اور شریف مافیا کو شکست دیں گے۔ الیکشن میں مجھے آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی وکٹیں نظر آرہی ہیں، مولانا فضل الرحمان نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے بیٹے کو وہ وزارت دی جس میں سب سے زیادہ مال بنتا ہے۔

PTI

IMRAN KHAN

AMRY CHEIF

Tabool ads will show in this div