بچوں کی کرونا ویکسینیشن مہم، 20 لاکھ بچوں کو ڈوز لگ گئی
کراچی اور حیدرآباد میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی 6 روزہ خصوصی ویکسینیشن مہم کے دوران 5 سے 11 سال کی عمر کے 20 لاکھ بچوں کو ویکسین لگادی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے کراچی اور حیدرآباد میں 19 ستمبر سے 24 ستمبر تک 5 سال سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی 6 روزہ ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
محکمہ صحت سندھ نے ہدف کے حصول کیلئے مہم کو 26 ستمبر تک بڑھا دیا ہے، مہم اب پیر تک جاری رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق کرونا ویکسینیشن مہم کے دوران 3 افراد پر مشتمل 4 ہزار 554 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے 3 ہزار 987 آؤٹ ریچ ٹیمیں، 536 فکسڈ سینٹر اور 3 موبائل ٹیمیں شامل ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق مہم کے دوران 5 سے 11 سال عمر کے 34 لاکھ 13 ہزار 884 بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا ہے جنہیں فائزر کی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جائے گی تاہم 70 فیصد ہدف کیلئے 24 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
ای پی آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن کے مطابق ہفتے کے روز تک 20 لاکھ سے زائد بچوں کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگادی گئی ہے، 19 ستمبر کو شروع ہونیوالی 6 روزہ مہم کے دوران اسکولوں میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو فائزر ویکسین لگائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہدف کے حصول اور باقی بچ جانیوالی ویکسین کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے مہم میں ایک روز کا اضافہ کیا گیا ہے اور مہم اب کراچی اور حیدر آباد کے 7 اضلاع میں پیر کے روز بھی جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں مارچ 2020ء سے اگست 2022ء تک کراچی اور حیدرآباد میں 5 سال سے 11 سال کی عمر کے 64 بچے انتقال کر چکے ہیں، اموات کی یہ شرح 0.7 فیصد بنتی ہے، سب سے زیادہ 49 اموات کراچی کے ضلع جنوبی میں ہوئیں، شہر میں اب تک 5 سے 11 سال کی عمر کے 62 بچے انتقال کر چکے ہیں، حیدر آباد میں انتقال کرجانے والے بچوں کی تعداد 2 ہے۔
سندھ کے دونوں ڈویژنز میں اب تک 5 سے 11 سال کی عمر کے 9 ہزار 140 بچے کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد ہے۔