پی ایم ڈی نے ڈینگی الرٹ جاری کردیا، انتظامیہ کو انتظامات کی ہدایت
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ملک میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ملک کے 10 شہروں میں ڈینگی کی وباء پھیلنے کا خطرہ ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد گرم موسم کے پیش نظر ملک میں ڈینگی وائرس الرٹ جاری کردیا۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ملک کے 10 شہروں کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدر آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ملتان میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے ملک کے 10 شہروں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جاری الرٹ میں مزید کہا گیا ہے ملک میں ڈینگی بخار نے اپنی جڑیں مضبوط کرلی ہیں، ڈینگی نے گزشتہ 10 برس میں لوگوں کی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، یہ مرض خاص طور پر مون سون کے بعد کے موسم (20 ستمبر سے 5 دسمبر) کے دوران زیادہ پھیلتا ہے، یہ موسم اس مرض کیلئے سازگار ہوتا ہے۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ڈینگی ان ادوار کے دوران شروع ہوتا ہے جہاں درجہ حرارت اور نمی 26 سے 29 سینٹی گریڈ تک 3 سے 5 ہفتے تک رہے اور ان ایام میں بالترتیب 60 فیصد درجہ حرارت یہی رہتا ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاں تین ہفتوں تک 27 ملی میٹر بارش ہوئی ہے وہاں ڈینگی پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں، ڈینگی مچھر طلوع آفتاب اور غروب افتاب کے وقت کاٹتا ہے، موجودہ اور مستقبل کے آب و ہوا کے لحاظ سے ماحولیاتی تغیرات ڈینگی کے پھیلنے کیلئے ایک مثالی ماحول فراہم کررہے ہیں۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ستمبر 2022ء سے ڈینگی کے آغاز کیلئے موحول سازگار ہوگیا اور اکتوبر کے مہینے میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں شدت آسکتی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق ڈینگی سے حیدرآباد میں ایک فرد انتقال کرگیا ہے، جس میں ڈینگی سے رواں برس ہونیوالی اموات 31 ہوچکی ہیں جبکہ 7 ہزار 197 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف ستمبر کے مہینے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 4 ہزار 628 رہی۔