تیسرا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی
تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دیکر 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔
انگلینڈ نے پاکستان کو 222 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناسکی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
انگلینڈ کے بین ڈکٹ نے 70 اور ہیری بروک نے 81 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کو 27 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔
عثمان قادر نے دو اور محمد حسنین نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا، شاہنواز دہانی پاکستان کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 62 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔
دونوں ٹیموں کے مابین میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، سات میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو انگلینڈ نے شکست دی تھی جب کہ دوسرا میچ پاکستان کے نام رہا تھا۔
آج کا میچ دیکھنے کیلئے صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی نیشنل اسٹیڈیم تشریف لائے۔
صدر عارف علوی اور ان کے اہل خانہ کے لیے وی آئی پی گیلری میں جگہ مختص کی گئی۔
اسٹیڈیم میں صدر مملکت کی آمد کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔