بلوچستان: ایف اے اور ایف ایس سی کے نتائج کا اعلان کردیا گیا

امتحانات میں تینوں پوزیشنز لڑکوں نے حاصل کیں

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سیکنڈری ایجوکیشن نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا، لڑکوں نے میدان مار لیا، پہلی اور دوسری پوزیشن تعمیر نو کالج کوئٹہ کے طلباء نے حاصل کی۔

کوئٹہ میں کنٹرولرامتحانات بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ شوکت علی سرپرہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے طالب علم احمد مصطفیٰ کا تعلق تعمیر نو کالج کوئٹہ سے ہے، جنہوں نے 1067 نمبر حاصل کئے جبکہ دوسری پوزیشن بھی تعمیرنو پبلک کالج کوئٹہ کے احمد مزمل نے 1062 نمبر لیکر حاصل کی۔

تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بی آر سی لورالائی کے محمد اسحاق نے 1056 نمبر حاصل کئے۔

کنٹرولر بورڈ کے مطابق امتحانات میں کل 84 ہزار 489 طلباء و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 79 ہزار 688 نے کامیابی حاصل کی، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 89 فیصد رہا۔

فرسٹ ایئر میں 41 ہزار 545 طلباء شریک ہوئے جن میں 35 ہزار 507 کامیاب قرار پائے جبکہ سیکنڈ ایئر میں 47 ہزار 944 طلباء میں سے 44 ہزار 181 کامیاب ہوئے۔

فرسٹ ایئر میں کامیاب امیدواروں کا تناسب 85.5 فیصد رہا جبکہ سینکڈ ایئر میں کامیابی کا تناسب 92.2 فیصدرہا۔

چیئرمین بورڈ اعجاز احمد بلوچ، کنٹرولر بورڈ پروفیسر شوکت سرپرہ اور سیکریٹری بورڈ محمد عظیم نے کامیاب ہونیوالے طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان نوجوانوں سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ ہیں، طلباء و طالبات مزید محنت کرکے ملک و قوم اور خاص کر بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔

exam

بلوچستان

Tabool ads will show in this div