پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائےگا
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائےگا۔ مہمان ٹیم نے پہلےمیچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
کراچی میں پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کا نہ مڈل آرڈر چل سکا اور نہ ہی بالرز کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھا سکے۔
ہوم گراؤنڈ پر پہلے ہی میچ میں ناکامی نے بابرالیون پر دباؤ بڑھادیا ہے۔ گرین شرٹس کی مختصر فارمیٹ میں یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔
مہمان ٹیم کو7میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دوسرا ٹی 20 میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
دوسرے ٹی 20 سے پہلے ہونے والے پریکٹس سیشن کو منسوخ کردیا گیا اور قومی کرکٹرز نے ٹینس کھیلی۔ کھلاڑیوں نے انڈور گالف اور اسنوکر میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل سے 1 کروڑ 30لاکھ روپے کی گیٹ منی جمع ہوئی اوریہ تمام رقم پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ کرکٹ نے ایک مرتبہ پھر پوری قوم کو متحد کرنے میں مدد کی۔