ایپل کا پاکستان سمیت متعدد ممالک کیلئے ایپس کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان

یورپ اور جنوبی امریکی ممالک میں بھی ایپس کی قیمتیں بڑھادی گئیں

ایپل نے اگلے مہینے سے پاکستانی سمیت ایشیا، یورپ اور جنوبی امریکا کے چند ممالک کیلئے ایپ اسٹور پر ایپس اور اِن-ایپس میں خریداری کیلئے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایپل نے بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ خود ہی تجدید ہونیوالی سبسکرپشن پر اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

امریکی ٹیک کمپنی مختلف خطوں کیلئے وقتاً فوقتاً قیمتوں میں ردوبدل کرتی ہے، اس نے گزشتہ برس کرنسی اور ٹیکسز ایڈجسٹ ہونے کی وجہ سے یورپی ممالک کیلئے قیمتوں میں کمی کردی تھی، متعدد ایپس کی کم از کم ابتدائی قیمت 1.09 یورو سے کم کرکے 99 یورو سینٹ کردی گئی تھی، تاہم حالیہ اضافے کے بعد کم از کم ابتدائی قیمت 1.19 یورو ہو جائے گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ افراط زر، شرح سود، توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے جاپانی کرنسی ین، یورو اور ابھرتی معیشتوں کی کرنسیوں کو نقصان پہنچا ہے، رواں برس یورو 2 دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگیا ہے اور کئی ہفتوں سے ڈالر کے مقابلے میں برابری کا شکار ہے۔

ایپ نے اپنی ایپس کی قیمتوں میں اضافہ یورپ کے سویڈن، پولینڈ، ایشیا کے جاپان، ملائیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا، ویتنام اور جنوبی امریکا میں چلی کیلئے کیا ہے۔

ایپل نے حالیہ جنریشن کا آئی فون رواں مہینے کے اوائل میں متعارف کروایا تھا، وہ بنیادی اسمارٹ فونز پر اپنا انحصار کم کرنے کیلئے اپنے سروسز کے کاروبار کو ترقی دے رہا ہے۔

بزنس سروسز سے ایپل کی آمدنی میں گزشتہ چند برسوں میں تیزی سے اضافہ ہوا لیکن اب 20 ارب ڈالر فی سہ ماہی کے گرد گردش کررہا ہے، اس میں ایپ اسٹور بھی شامل ہے۔

iphone

APPLE MOBILE

APP STORE

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div