ثروت گیلانی کا خلیل الرحمان قمر سے سوال
معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر سے سوال کیا ہے کہ مردوں کیلئے گمراہ ہونا ٹھیک کیوں ہے؟۔
ثروت گیلانی نے سماء کے پروگرام سپر اوور میں شرکت کی اور متنازعہ شخصیت کے حامل پاکستانی مصنف خلیل الرحمان قمر کے عورتوں سے متعلق نظریہ پر تبصرہ کیا۔
میزبان احمد بٹ نے گفتگو میں ثروت سے سوال کیا کہ کیا آپ خلیل الرحمان قمر کی اس بات سے متفق ہیں کہ مرد گمراہ ہو تو صرف گھر خراب ہوتا ہے لیکن عورت خراب ہو تو پوری نسل خراب ہوتی ہے۔
اداکارہ ثروت نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ساری بات شروع ہی وہاں سے ہوتی ہے کہ مرد کیلئے گمراہ ہونا کیوں ٹھیک ہے؟۔
احمد نے کہا کہ خلیل الرحمان کے مطابق مرد کمزور ہے اس لئے۔
اس پر ثروت نے کہا کہ مردوں کی گمراہی کا یہ جواز دینا بہت آسان ہے کہ مرد تو مرد ہے، وہ گھر کا کفیل ہے لیکن کمزور ہے بیچارا جبکہ عورت کمزور ہونے کے باجود بچے بھی پالے، سارے گھر کا کام بھی وہ اکیلے کرے اور سارے خاندان کو جوڑ کر بھی وہی رکھے، یہ تو بہت زیادہ متنازع اور تفریق پیدا کرنے والی باتیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصل میں خلیل الرحمان قمر خود اپنے بیان پر الجھن کا شکار ہیں، ایک طرف وہ کہتے ہیں کہ مرد بہت مضبوط ہے لیکن اندر سے کمزور ہے، دوسری طرف عورت کیلئے ان کا کہنا ہے کہ بہت نازک ہے مگر سارے مشکل کام وہی کرتی ہے۔