کراچی میں پولیو وائرس کے نمونے مثبت آنے پر ہنگامی مہم کا اعلان
کراچی کے سیوریج پانی میں پولیو وائرس ملنے کے بعد 39 یوسیز میں انسداد پولیو کی ہنگامی مہم شروع کی جارہی ہے۔
حکومت سندھ کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے کراچی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلع ملیر میں لانڈھی ٹاؤن کے بختاور گوٹھ کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس (والڈ پولیو وائرس 1) ملا ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ نے قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے مشاورت کے بعد شہر کی 39 ہائی رسک یوسیز میں انسداد پولیو ویکسین مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انسداد پولیو مہم 26 ستمبر سے 2 اکتروبر تک جاری رہے گی اور اس دوران 5 سال سے کم عمر کے 8 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
دوسری جانب ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کی میڈیا آفیسرمیراں یوسف نے کہا ہے کہ 39 یوسیز میں ماحولیاتی ماحولیاتی نمونے مثبت نہیں۔ گزشتہ ہفتے ملیر کراچی سے ایک مثبت ماحولیاتی نمونہ مثبت پایا گیا جس پر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کراچی کی 39 ہائی رسک اور سپر ہائی رسک یو سیز میں 26 ستمبر سے پولیو مہم چلا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں رواں سال پولیو کے 19کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، اور یہ تمام کیسز خیبرپختون خوا میں رپورٹ ہوئے ہیں۔