حکومت کا ہدف ربیع کی فصل ہونی چائیے،میرعمرخان جمالی
بلوچستان کے رکن صوبائی اسمبلی میر عمر خان جمالی نے کہا ہے کہ جعفرآباد میں حکومت کا ہدف ربیع کی فصل ہونی چائیے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی کا اخراج کیا جائے اور کاشتکار ربیع کی فصل اگا سکیں۔
سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی مرحوم کے بیٹے اور رکن بلوچستان اسمبلی میرعمر خان جمالی نے جعفر آباد میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور مستقبل میں ہونے والے اقدامات پر سماء کوئٹہ کے بیوروچیف جلال نورزئئ سے خصوصی گفتگو کی۔
میر عمر خان جمالی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی اور ہمارے پاس ریلیف کے کاموں کے لیے کوئی نہیں آیا۔
انھوں نے بتایا کہ جعفرآباد میں کئی رہائشی علاقوں میں کچی کینال سے آنے والے سیلاب نے نقصان پہنچایا۔ اس سے قبل بھی گزشتہ 20 برس میں کچی کینال سے آنے والے سیلاب نے جعفرآباد کو نقصان پہنچایا ہے۔
میر عمر خان جمالی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کچی کینال جلد تعمیر کی جائے۔
رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جعفر آباد میں پانی کا اخراج نہ ہونے سے وبائی امراض پھیلنے لگے ہیں اور میڈیکل کیمپس میں جانے والے 50 فیصد لوگوں میں ملیریا کا وائرس پایا گیا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا ٹارگٹ جعفرآباد میں ربیع کی فصل ہونی چائیے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی کا اخراج کیا جائے اور کاشتکار ربیع کی فصل اگا سکیں۔