تحریک انصاف کا ممکنہ لانگ مارچ؛ اسلام آباد پولیس کی تیاریاں شروع

آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز اور اضافی شیل بھی طلب کر لئے گئے

تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کی پیش نظر وفاقی پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کی تیاریاں شروع کردیں

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا عندیہ دے دیا گیا ہے، تاحال لانگ مارچ کی تاریخ سامنے نہیں آئی، تاہم اس اعلان اور ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو کینٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے، جب کہ صوبوں سے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار اہلکار طلب کرلئے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی شہر اقتدار پر ممکنہ چڑھائی روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے پیش بندی کرلی ہے، اسلام آباد میں سینکڑوں کنٹینرز بھی لگائے جائیں گے، اورپولیس ذرائع کے مطابق شہراقتدار کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کے علاوہ خندقیں کھودنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز اور اضافی شیل بھی طلب کر لئے گئے ہیں، پولیس اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، آپریشنز ڈویژن کو قیدی وینز فراہم کرنے اور زخمیوں کے لئے ایمبولینسز بھی الرٹ کر دی گئی ہیں، اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں متوقع ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے معجون تیار ہے اس بار ایسی دھونی دیں گے کہ دوبارہ کبھی اسلام آباد کا رخ نہیں کریں گے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاؤں سے اٹھا کرسر کے بل کر دیا جائے گا، ان میں جرات ہے توایکس، وائے نہیں، سیدھی بات کریں۔

PTI

IMRAN KHAN

PTI long march

Tabool ads will show in this div