بلوچستان میں سیلاب سے تباہی، رکن اسمبلی کی اپنی ہی حکومت پر تنقید
بلوچستان میں سیلابی صورتحال پر حکومتی رکن اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹٰی کے رکن اسمبلی سیلم کھوسہ نے کہا کہ ضلع نصیر آباد اور جعفرآباد سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں، علاقے میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں۔
سیلم کھوسہ نے کہا کہ بچے ملیریا اور دیگر بیماریوں سے مررہے ہیں لیکن حکومتی اقدامات کے آثار دور دور تک نہیں دکھائی دے رہے۔
مشیرداخلہ و پی ڈی ایم اے میرضیا لانگو نے کہا کہ میری پارٹی کے ساتھی جذباتی نہ ہوں۔ حکومت نے ہزاروں کی تعداد میں ٹینٹس اور کھانے پینے کی اشیاء نصیرآباد کے متاثرہ علاقوں میں بھیجی ہیں۔
حکومتی رکن سلیم کھوسہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں نہیں صرف گیارہ سو ٹینٹس دیے گیے ہیں۔ مشیرداخلہ صاحب غلط بیانی سے کررہے ہیں۔ لگتا ہے کہ انہیں اپنے محکمے کی کارکردگی کے بارے میں کچھ بھی نہیں معلوم۔
اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے سے الجھنے کے بجائے متاثرہ علاقوں میں ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔