عدالتوں سے مفرور اب قومی سلامتی کےاداروں کے مستقبل کافیصلہ کریں گے، شیخ رشید
سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کےاداروں کےمستقبل کافیصلہ بھی لندن میں یہی کرینگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 150 روپے کلو نایاب آٹا خریدنے والے ریاست اور سیاست سے مایوس ہو گئے ہیں، افغانستان کی کرنسی بھی پاکستان سے بہتر ہوگئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول کو ملک چھوڑنے کا بہانہ چاہیے، پی ڈی ایم (PDM) کا سیاسی جنازہ دھوم سے نکلے گا، نوازشریف پاکستان آنے سے گھبرائیں گے۔
سابق وزیر نے کہا کہ 3 رشتے دار اور عدالتی ضمانتوں پر مفرور اب 24 کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا فیصلہ لندن میں کریں گے، بلکہ خرم دستگیر کہتے ہیں قومی سلامتی کے اداروں کے مستقبل کا فیصلہ بھی لندن میں یہی کریں گے، اورکسی مسلم لیگی لیڈرکواس میٹنگ میں بیٹھنےکی اجازت نہیں تھی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ جس اتحادی نے عمران خان کی حکومت کو چھرا گھونپا وہ عوامی حمایت سے محروم ہو گئے، 70 غیر آئینی وزراء کے خلاف ہائی کورٹ جارہا ہوں۔