سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت مزید ایک سال بڑھا دی
سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت مزید ایک سال بڑھا دی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب نے زرمبادلہ ذخائر کے استحکام کیلئے 3ارب ڈالر جمع کرائے تھے، جس کی مدت رواں برس دسمبر میں ختم ہورہی تھی تاہم اب سعودی عرب نے 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی ایک سال کے لئے تجدید کردی ہے۔
نومبر 21021 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (SFD) نے معاہدے کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کے پاس 3 ارب ڈالر جمع کرائے تھے۔
سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (SFD) کی جانب سے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے کا مقصد پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں استحکام اور کورنا وبا ( COVID19) کے منفی اثرات کو حل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کی رو سے پاکستان سعودی ڈپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کرنے کا پابند ہے، یہ ڈپازٹ دسمبر 2022 میں میچور ہونے تھے تاہم اب سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت ایک سال بڑھا دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ڈپازٹس کی تجدید کے بعد مقامی کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں استحکام آنے کی امید ہے۔