احسن اقبال نے عمران خان کو ملکی مسائل کی وجہ قرار دے دیا

آفت کے وقت یکجہتی کے بجائے عمران خان انتشار پیدا کررہے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے عمران خان کو ملکی مسائل کی وجہ قرار دے دیا

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج ملک جن مسائل کاسامانا کررہاہےاس کےذمہ دارعمران خان ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کیا، ہمیں معاہدے پر عمل کرنا پڑا جس سے پیٹرول اور بجلی مہنگی ہوئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں مس گورننس ہوئی، معیشت کے نٹ بولٹ کھولے گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آفت کے وقت یکجہتی کے بجائے عمران خان انتشار پیدا کررہے ہیں، عمران خان کبھی ججز کو دھمکی تو کبھی قومی اداروں پر حملے کرتے ہیں، فوجی قیادت کو محب وطن اور غیر محب وطن کہہ کر مذاق اڑاتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کومسلح جدوجہد یا ٹینک، بندوق کے ذریعے حاصل نہیں کیا گیا، پاکستان کی تحریک بیلٹ اور ووٹ کے ذریعے تھی، پاکستان کی بیلٹ اور ووٹ کی تحریک کو ایوب خان نے راستے سے ہٹایا،ملک میں بالادستی آئین کو حاصل ہے یا چند طبقوں کو حاصل ہے، جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہوگا تب تک مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی معیشت اورسیاست کی مضبوطی میں ہے، معیشت کارگر اور مضبوط نہیں ہوگی تب تک پاکستان مضبوط نہیں ہوگا۔

لاپتہ افراد سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان سے لاپتہ افراد کے معاملات ریاست کے لئے چیلنج ہیں، مسنگ پرسن کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات

دریں اثنا وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی، جس میں سیلاب کی صورتحال، پانی کی نکاسی اور امدادی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطے میں رہیں جس سامان کی ضرورت ہےاس کو مہیا کرنے کیلئے وفاق ہر ممکن مدد کرےگا۔سڑکوں اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس وقت 15 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے، ڈھائی لاکھ خیمے مہیا کئے ہیں، سڑکوں اور ریل نیٹ ورک بحالی کی ضرورت ہے تاکہ اشیائے ضرورت کی رسد ہوسکے۔سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنےکیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

ahsan IQBAL

PTI

IMRAN KHAN

Tabool ads will show in this div