وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے

عالمی رہنماؤں کیلئے دیئے گئے عشایئے میں بھی شرکت کرینگے

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر تک امریکا کے شہر نیویارک کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77ویں اجلاس میں شرکت ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، کابینہ اراکین اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔ وزیراعظم خطاب میں حالیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بات کریں گے۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اور امریکی صدر عالمی رہنماؤں کو استقبالیہ بھی دیں گے۔

وہ علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا موقف اجاگر کرنے کے علاوہ مقبوضہ جموں کشمیر پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعظم اس دورے کے دوران گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، وہ مختلف سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جنرل اسمبلی کےصدر اور اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل سے بھی ملیں گے ۔

شہباز شریف نیویارک میں عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی متعدد اجلاسوں میں شریک ہوں گےاور متعدد ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس دوران بلاول بھٹو جی77 اور چین کے سالانہ وزرائے خارجہ اجلاس کی صدارت کریں گے، وہ جموں و کشمیر پر او آئی سی گروپ کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے ۔

دوسری جانب نیوجرسی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں امریکی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرپرسن سینیٹر باب میننڈیز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ امریکا نے متاثرین کے لیے53 ملین ڈالر امداد دی، جو بہت کم ہے، ہمیں متاثرین کی مزید معاونت کرنا ہوگی، اس اہم گھڑی میں ہمیں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔

سینیٹر باب میننڈیز کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی مدد کیلئے ڈیزاسٹر پیکج دیا جانا چاہیے، جب کہ اس سلسلے میں انٹر نیشنل ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر مسعود خان نے اظہار یکجہتی پر سینیٹر باب میننڈیز کا شکریہ ادا کیا۔

UNGA

pm shehbaz sharif

FLOOD 2022

Tabool ads will show in this div