سوات میں لوگ دہشتگردوں کیخلاف کندھے سے کندھا ملا کر لڑے ہیں، کور کمانڈر
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے سوات کے دورے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی بھرپور حمایت اور غیر متزلزل تعاون پر مقامی عمائدین کی تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر پشاور کور لیفٹننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جمعہ 16 ستمبر کو سوات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمانڈر الیون کور نے قبائلی عمائدین اور معززین سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر پشاور سے مالاکنڈ ، بونیر، شانگلہ اور مردان کے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی۔
لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہرحیات نے سیکیورٹی فورسز کی بھرپور اورغیرمتزلزل حمایت پر مقامی عمائدین کی تعریف کی۔ کور کمانڈر پشاور کا کہنا تھا کہ سوات میں دہشت گردوں کیخلاف لوگ کندھے سے کندھا ملا کر لڑے ہیں۔
قبل ازیں سوات کے علاقے برہ باندئی میں بم دھماکے اور امن و امان کی بگڑتی صورت حال کے خلاف سول سوسائٹی نے احتجاج اور مظاہرہ کیا اور حکومت سے دیرپا امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی کے علاوہ وکلاء اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے سفید جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امن کے نعرے درج تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پر امن وادی سوات میں کسی صورت بدامنی برداشت نہیں کی جایئگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا آئینی کردار ادا کریں۔ مظاہرین نے امن کے حق میں نعرے بھی لگائے۔