کوئٹہ تفتان ریل ٹریک 30 ستمبر تک بحال کردینگے، وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ریلوے نظام کو ناقابل تصور نقصان پہنچایا، بلوچستان میں ریلوے ٹریک کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، گوادر میں بھی ریلوے آفس قائم کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوےخواجہ سعد رفیق نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ الہیار سے جیکب آباد تک 11 کلو میٹرز ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، کوئٹہ تفتان ریل ٹریک 104 مقامات سے متاثر ہے ۔ تفتان ٹریک 30 ستمبر تک بحال کردیں گے ۔
ان کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب سے ریلوے نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا، جمع ہونے والا پانی جیسے ہی کم ہوگا مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا، ایف سی، این ایل سی اور آرمی کے تعاون سے متاثرہ ٹریکس بحالی میں مصروف ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن ترجیح ہے، گوادر میں بھی ریلوے آفس قائم کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا 5 روز سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلوے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، تاریخ میں پاکستان ریلوے کو کبھی اس قدر نقصان کا سامنا نہیں ہوا۔
بولان مں ریلوے کے ہوڑک برج کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا سیلاب سے ایک سو سال پرانا مضبوط پل ٹوٹنے سے ریلوے سروس معطل ہے، پل کی دوبارہ تعمیر کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا تاہم برج کی مرمت میں وقت لگ سکتا ہے۔