نیب تحقیقات: شہزاد اکبر کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی اجازت مانگ لی

سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے اپنے خلاف نیب تحقیقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، نیب تحقیقات میں ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تفتیش ہونے کی اجازت مانگ لی، عدالت نے درخواست کل سماعت کیلئے مقرر کردی۔

عمران خان کے قریبی ساتھی شہزاد اکبر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خلاف نیب تحقیقات میں شامل تفتیش ہونے کی اجازت مانگی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب کو ہدایت کی جائے کہ اُن کا بیان ویڈیو لنک پر ریکارڈ کرے۔ شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نیب نے حکومتی ایماء پر اُن کیخلاف سیاسی بنیادوں پر انکوائری شروع کی، انکوائری نیشنل کرائم ایجنسی یو کے اور بحریہ ٹاؤن کی سول سیٹلمنٹ پر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے انہیں نوٹس بھیجا تو انہوں نے بتایا کہ وہ ویڈیو لنک پر بیان دے سکتے ہیں، نیب کی جانب سے اُن کی پیشکش کا جواب نہیں دیا گیا۔

شہزاد اکبر نے مزید استدعا کی کہ اُن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات بھی دیئے جائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہزاد اکبر کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر جمعرات کو سماعت کریں گے۔

NAB

IMRAN KHAN

Shehzad Akbar

Tabool ads will show in this div