حکومت پنجاب کے 15 سے زائد ایم پی ایز ساتھ ہیں، عطا تارڑ کا دعویٰ
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب میں حکمران جماعت کے 15 سے زائد ایم پی ایز ان کے ساتھ ہیں، پنجاب میں حکومت بنانا ان کا حق تھا اور وہ اپنا حق لیکر رہیں گے۔
سیشن کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سیلاب زدگان کو بھول کر پرویز الٰہی سرکاری پیسہ اپنے علاقے میں لگا رہے ہیں، یہ وہ صوبہ تھا جو دوسرے صوبوں کا دکھ بانٹتا تھا آج سیلاب زدگان بے یارومدگار ہیں۔
لیگی رہنماء عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں حکمران جماعت کے 15 سے زائد ایم پی ایز ہمارے ساتھ ہیں۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ کمپنی اب نہیں چلنے والی، پنجاب میں حکومت کا حق ان کا تھا اور وہ اپنا یہ حق لے کر رہیں گے۔
رانا مشہود کا بیان
اس موقع پر موجود سابق وزير قانون پنجاب رانا مشہود نے بھی پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں ليتے ہوئے کہا کہ اس وقت پنجاب میں ڈاکوں کی حکومت ہے اور اس کا خاتمہ قریب ہے، پنجاب میں جلد یہاں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی۔
رانا مشہود نے کہا کہ پرویزالہی اپنے شہراورگاؤں میں سرکاری پیسہ لگارہے ہیں، جب کہ صوبے کے دیگر شہروں کا کوئی حال نہیں ہے، صوبائی حکومت کو آٹا سستا کرنا چاہیے تھا، لیکن انہیں جھوٹے مقدمے بنانے سے فرصت نہیں۔
لیگی رہنما کی ضمانتوں میں توسیع
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عطا تارڑ سمیت 11 لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 19 ستمبر تک توسیع کردی۔
عدالت نے قلعہ گجر سنگھ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔