خلاف ضابطہ لین دین پر 2ایکس چینج کمپنیوں کے لائسنس معطل
اسٹیٹ بینک نے گریٹ یونین ایکس چینج کمپنی (پرائیویٹ لمیٹیڈ) اور سوئس انٹر نیشنل ایکس چینج کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے اجازت نامے معطل کردیئے۔
مرکزی بینک کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں کمپنیوں نے قواعد وضوابط کے خلاف وزری کی جس کی وجہ سے ان کمپنیوں کے اجازت نامے تین ماہ کے لئے معطل کئے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دونوں کمپنیوں کے خلاف فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔اسٹیٹ بینک نے معطل ہونے والی دونوں کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اندرونی کنٹرول اور فنکشنز بہتر بنائیں اور اس حوالے سے جو اصلاحات کی جائیں اس کی رپورٹ اسٹیٹ بینک کے پاس جمع کروائے۔
اس کے علاوہ سوئس انٹر نیشنل ایکس چینج کمپنی اور گریٹ یونین ایکس چینج کمپنی کی ایک ایک برانچ کے اجازت ناموں کو فوری طور پر منسوخ کردیا گیا ہے جس میں سوئس انٹرنیشنل ایکس چینج کمپنی دکان نمبر 32 اور 33 طاہر سینٹر نز د جہانگیر پارک صدر کراچی اور گریٹ یونین ایکس چینج کمپنی برانچ نمبر 8،دکان نمبر 33گراونڈ فلور ماں پلازہ دی مال راولپنڈی کینٹ شامل ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے دونوں کمپنیوں کے ہیڈ آفس اور برانچزکو معطلی کے دوران کسی بھی سرگرمی سے باز رہنے کی ہدایت کی ہے۔