مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ کی واپسی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ بینچ میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں۔
فل بینچ 14ستمبر کو مریم نواز کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
مریم نواز نے اپنے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں بتایا کہ ان کا پاسپورٹ 4 سال سے عدالتی تحویل میں ہے۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ 4 سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر مل کا ریفرنس تاحال دائر نہیں ہوسکا۔
درخواست میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ طویل عرصے کے لیے کسی شخص کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، عدالت رجسٹرار ہائیکورٹ کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔