الیکشن کمیشن کے فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں، فواد چوہدری
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انتظامی بحران ہے جو چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کیوجہ سے ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کل لاکھوں لوگوں نے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ لیڈر ایک جگہ جلسہ کرئے اور عوام پورے ملک میں باہر نکلے، وسطی پنجاب میں بھی آپ دیکھیں گے کہ کیا ہوگا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت الیکشن کرانے کیلئے تیار نہیں، انہیں پتہ ہے ان کی حالت بری ہے، احسن اقبال، خرم دستگیر، شہباز شریف کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں، آپ نے عوام کے اربوں روپے انتظامات پر لگوائے، اور دو دن پہلے کہہ دیا کہ الیکشن نہیں ہوسکتا، ایک انتظامی بحران ہے جو چیف الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کی وجہ سے ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیلاب تو دو تین ماہ سے جاری ہے، آپ کے سامنے حالات خراب ہورہے تھے، آپ کو خیال نہیں آیا، اور تین دن پہلے آپ کہہ رہے ہیں الیکشن نہیں ہوتے، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے حوالے سے جانبدارہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ جس دن شہباز شریف وزیراعظم بنے اس دن ان پر 24 ارب کے کیس میں فرد جرم لگنی تھی جو نہیں لگی، حمزہ شہباز جب وزیر اعلی ٰبنے اس دن ان پر فرد جرم لگنی تھی، پھر بات کریں تو کہتے ہیں بے ہودگی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ منتخب حکومت کو ہٹایا گیا تو چار ماہ میں معیشت کی کمر ٹوٹ گئی، آج تک کابینہ نے کوئی ایسا ایجنڈا دیا ہو جس سے عوام کی بہتری ہوتی، حتمی فیصلے بند کمروں میں نہیں ہونے چاہییں، عوام کو کرنے دیں، بند کمروں کے فیصلوں کی نہ تو لائف ہے نہ کوالٹی۔
سابق وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کوئی نیا پراجیکٹ نہیں آیا، مہنگائی 45 فیصد پر پہنچ گئی، لوگوں کی نوکریاں ختم ہوگئیں، حکومت نے پیٹرول کی 80 روپے قیمت بڑھادی، آج خوردنی تیل کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی، ملک میں پیناڈال تک نہیں مل رہی، باقی دوائیوں کی لمبی فہرست ہے جو پاکستان میں بننا بند ہوگئیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان آج سیلاب متاثرین کیلئے دوسرا ٹیلی تھون کرنے جارہے ہیں، پہلے ٹیلی تھون میں 5 ارب سے 3 ارب روپیہ جمع ہوگیا ہے، آج کی ٹیلی تھون میں اوورسیز پاکستانی پیسے دیں گے۔