وفاقی دارالحکومت گہرے بادلوں کے گھیرے میں،بارش اور سہانا موسم
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح سویرے آسمان پر کالے بادل جھوم کے آئے اور کھل کر برسے۔ موسلا دھار بارش سے شہر بے مثال کا حسن دوچند ہوا تو موسم بھی سہانا ہوگیا۔
جاتی برسات کی یہ برکھا اس لیے بھی اہم ہے کہ اس کے بعد گرمی گُڈ بائے ہوگی اور خوش گوار خنکی اس کی جگہ لے گی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، تیز ہواؤں کیساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے، نالے بھی پانی سے بھرگئے۔
جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، جڑواں شہروں میں اب تک 32 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
راولپنڈی کے نشیبی علاقے بارش سے زیر آب آگئے، صادق آباد، شکریال، ڈھوک کالاخان میں پانی گلیوں میں داخل ہوگیا، ندیم کالونی، جاوید کالونی اور پیرودھائی کے علاقوں میں بھی پانی بھر گیا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ہیوی مشینری نالہ لئی ،کمیٹی چوک اور صادق آباد کے علاقے میں پہنچا دی گئی، واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ایم ڈی واسا فیلڈ میں موجود ہیں۔
سرگودھا ميں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گيا، جہلم اور سرائے عالمگیر میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ايک کرديے۔ منڈی بہاءالدین ميں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جب کہ گجرات اور ایبٹ آباد ميں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہوگيا۔
ملکہ کوہسار مری ، کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں بھی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی سڑکیں بند ہوگئیں۔
ایکسپریس وے ڈنہ سے شروع ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ نشیب میں نیو مری پتریاٹہ روڈ تک پہنچ گئی، جب کہ سڑکیں بند ہونے سے سیاحوں مشکل میں پھنس گئے۔
صوابی میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا،ندی نالے بپھر گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ 14 ستمبر تک جاری رہے گا۔
کراچی
دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ جہاں دن کے اوقات میں درجہِ حرارت 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم گرمی کی شدت 39 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔
شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 39 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔
میٹ آفس کے مطابق فی الحال کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ البتہ لوکل ڈیویلپمنٹ سے مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ شہر میں آج سے سمندری ہوائیں بھی بحال ہونے کے امکانات ہیں۔