شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر

چیف جسٹس اطہر من اللہ 14 ستمبر کو درخواست پر سماعت کریں گے

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت 14 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

بغاوت پر اکسانے کے الزام میں زیرحراست تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔

7 ستمبر کو شہبازگل کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھی، اوررجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کی تھی، جس کے مطابق شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت 9 ستمبر کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کرنی تھی۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی پیشی کے باعث شہباز گل کیس کی کاز لسٹ منسوخ ہوگئی تھی۔

آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے دوبارہ کاز لسٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ 14 ستمبر کو سماعت کریں گے۔

عدالت نے شہباز گل کی درخواست پر پولیس کو نوٹس کرکے جواب طلب کر رکھا ہے۔

درخواست ضمانت مسترد

پی ٹی آئی رہنما شہبازگل نے اسلام آباد کی سیشن عدالت میں بھی درخواست ضمانت دی تھی، تاہم عدالت نے اسے مسترد کرکے خارج کردیا تھا۔

شہباز گل کے وکیل برہان معظم نےعدالت میں دائر درخواست میں مؤقف پیش کیا تھا کہ اُن کے موکل اپنے بیان کے حوالے سے پیدا ہونے والی کسی بھی غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وکیل برہان معظم نے اپنے دلائل میں کہا کہ شہباز گل معافی مانگنے کیلئے بھی راضی ہیں لیکن عدالت یہ بھی دیکھے کہ اُن کی گفتگو کے مختلف نکات کو اٹھا کر کس طرح بغاوت کا الزام لگایا گیا۔

ISLAMABAD HIGH COURT

Shehbaz Gill

Shehbaz Gill case

Tabool ads will show in this div