رمضان شوگر مل ریفرنس کا تحریری حکم جاری
لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس چیرمین نیب کو واپس بھجوانے کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔
احتساب عدالت لاہور کے جج محمد ساجد علی نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس واپس بھجوانے کا تحریری حکم جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب ترمیمی ایکٹ دو ہزار بائیس کے تحت احتساب عدالت کے پاس اس کیس میں ٹرائل کا اختیار نہیں ہے، لہذا عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ریفرنس چیرمین نیب کو واپس ارسال کرتی ہے۔
نیب یہ ریفرنس متعلقہ فورم پر دائر کرے۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پانچ پانچ لاکھ کے شورٹی بونڈز جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر قومی خزانے سے نالہ تعمیر کروانے کا الزام تھا۔