آرمی چیف سے سعودی وزارت دفاع کے اہم افسر کی ملاقات
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر دفاع کے ٹرانسفارمیشن منیجمنٹ آفس کے سی ای او ڈاکٹر شبیر بن عبدالعزیز الطالب نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف اور سعودی عہدیدار کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، دفاعی اور سلامتی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اسلامی دنیا میں سعودی عرب کی منفرد حیثیت کا معترف ہے۔
ڈاکٹر شبیر بن عبدالعزیز نے پاکستان کے ساتھ دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا، جب کہ برادر ممالک میں تعلقات کے فروغ کیلئے خدمات پر آرمی چیف نے ڈاکٹر شبیر بن عبدالعزیز کی کوششوں کو بھی سراہا۔