پاکستان بھر میں آج یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں سیلاب کے باعث یوم دفاع کی تقریبات منسوخ

پاکستان بھر میں یوم دفاع ( Defence Day ) ملی جوش و جذبے کے ساتھ آج بروز منگل 6 ستمبر کو منایا جا رہا ہے ۔ 6 ستمبر 1965ء کو آج ہی کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پر حملے کیلئے رات کی تاریکی میں عالمی سرحد عبور کی تاہم پوری طرح چوکس مسلح افواج نے قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع آج بروز منگل 6 ستمبر کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

یومِ دفاع کے موقع پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا، جب کہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقریب بھی آج منعقد ہوئی جس میں پاکستان ایئرفورس ( Pakistan Air Force ) اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھال لئے۔

اس کے علاوہ نیول ہیڈ کوارٹرز ( Pakistan Navy ) اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر پُر وقار تقریب منعقد ہوئی جہاں ملک کے استحکام اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

دورانِ تقریب چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار پر پھول چڑھائےاور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ 31 اگست کو پاک افواج کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی 6 ستمبر کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر ( ISPR ) کے مطابق 6 ستمبر کو یوم دفاع اور شہدا کے حوالے سے جی ایچ کیو میں تقریب میں انعقاد کیا گیا تھا، جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کو شرکت کرنا تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج سیلاب میں پھنسے بھائیوں کی مدد اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف و امداد کے کام کو جاری رکھے گی۔

Pakistan Army

paf

ISPR

ARMY CHIEF

PAKISTAN NAVY

DEFENSE DAY

QAMAR JAVED BAJWA

Tabool ads will show in this div