شمالی وزیرستان میں جھڑپیں، 5 فوجی شہید، کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

مرنے والے ملزمان دہشت گردی کئی وارداتوں میں مطلوب تھے، ترجمان پاک فوج

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے دو مختلف جھڑپوں میں 5 فوجی شہید اور کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں آج دہشت گردوں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ مارے گئے ملزمان سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، دہشت گرد کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دو طرفہ فائرنگ میں 5 فوجی جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا، جن میں وانا جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کیپٹن عبدالولی، ایبٹ آباد کے 45 سالہ نائب صوبیدار نواز، سرگودھا کے 34 سالہ حوالدار غلام علی، میانوالی کے 33 سالہ لانس نائیک الیاس اور میانوالی کے 29 سالہ سپاہی ظفر اللہ شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر طفیل مارا گیا، جو سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

Pakistan Army

STATE TERRORISM

NORTH WAZIRSITAN

IB OPERATION

Tabool ads will show in this div