وزیراعظم کی غذر آمد،سیلاب متاثرین سے بھرپوريکجہتی کا اظہار
وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف ( PM Shehbaz Sharif ) آج بروز جمعہ 2 ستمبر کو گلگت بلتستان ( Gilgit Baltistan ) کے دورے پر پہنچے، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کو جلد بحالی کی خوشخبری سنائی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان آمد پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
گلگت بلتستان آمد پر نہ ہی وزیراعلیٰ جی بی آئے اور نہ ہی گورنر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ دورہِ گلگت بلتستان پر وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر حکام کی جانب سے وزیراعظم کو گلگت میں بارشوں اور سیلاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم غذر روانہ ہوئے اور متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ غذر میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وزیراعظم سیلاب سے متاثرہ گاؤں بوبر بھی گئے۔
غذر میں وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے ملاقات میں ان کے دکھ درد سنے اور جلد بحالی کی نوید بھی سنائی۔ شہباز شریف نے سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہونے والوں سے بھرپور يکجہتی کا اظہار بھی کیا۔