ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹی ختم
حکومت نے بیرون ملک سے منگوائے گئے ٹماٹر اور پیاز کو ٹیکسوں اور ڈٖیوٹیوں سے مستثنیٰ قرار دے دیا۔
حالیہ بارشوں کے باعث ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے، آلو ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں۔ جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت 500 روپے جب کہ پیاز 300 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔
حکومت نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت پر قابو پانے کے لئے بیرون ملک سے منگوانے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن (Pakistan fruit and vegetables exporters and importers association) کی اپیل پر حکومت نے ٹماٹر اور پیاز کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹماٹر اور پیاز پر استثنیٰ 31 دسنبر تک ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمد نے سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب تک 13 ہزار ٹن پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کے اجازت نامے مل گئے ہیں۔ آئندہ چند روز میں مزید اجازت نامے بھی جاری ہوجائیں گے۔
وحید احمد نے ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد جاری ہے جب کہ یو اے ای ، مصرف اور ترکی سے بھی پیاز منگوائی جارہی ہے۔
چیئرمین پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں آئندہ 15 سے 20 روز میں استحکام آجائے گا۔