سابق وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی پر ماہانہ اخراجات سے متعلق انکشاف

سیکیورٹی پر 266 اہلکار اور دو نجی کمپنیاں تعینات ہیں، قائمہ کمیٹی میں بریفنگ

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں بڑا انکشاف ہوا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے بتایا بطور سابق وزیراعظم عمران خان کی سیکیورٹی پر 266 اہلکار اور 2 نجی کمپنیاں تعینات ہیں، جس کے اخراجات 2 کروڑ روپے ماہانہ ہیں، یہ بھی کہا کہ سابق وزرائے اعظم میں شاہد خاقان عباسی نے کوئی سیکیورٹی لی ہی نہیں۔

سابق وزیراعظم خان کی سیکیورٹی پر ماہانہ کتنی رقم خرچ کی جاتی رہی ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ میں آئی جی وفاقی پولیس اکبر ناصر نے حقائق بیان کردیئے۔

بتایا اسلام آباد پولیس، کے پی اور جی بی پولیس سمیت رینجرز اور ایف سی کے 266 اہلکار سابق وزیراعظم عمران خان کے باڈی گارڈ ہیں، 2 نجی سیکیورٹی کمپنیاں الگ سے تعینات رہتی ہیں، ان سب انتظامات پر ماہانہ 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

کمیٹی کو بریفنگ میں سربراہ وفاقی پولیس نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کیلئے جو بھی لوگ کسی اور جگہ سے آئے، وہ اسلام آباد پولیس کی کمانڈ میں ہیں۔

آئی جی اکبر ناصر نے سابق وزرائے اعظم اور ارکان کی سیکیورٹی پبلک میں زیر بحث لانے کی مخالفت بھی کردی۔ کہا کہ سنجیدگی کا تقاضہ ہے کہ اسے میڈیا میں ڈسکس نہ کیا جائے کیونکہ معلومات حملہ کرنے والوں کے پاس بھی پہنچ جاتی ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ دیگر تمام وزرائے اعظم کو یکساں سیکیورٹی دی جاتی ہے، ان میں سے کسی کی حفاظت کیلئے 5 سے زیادہ اہلکار تعینات نہیں، جبکہ شاہد خاقان عباسی نے تو بطور سابق وزیراعظم کوئی سیکیورٹی نہیں لی۔

ق لیگ کے پرویزالہٰی دھڑے کے رکن کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی سیکیورٹی پر 2200 اہلکار تعینات رہے، جس کے اخراجات 5 ارب روپے بنے تھے۔

IMRAN KHAN

senate standing committee

Tabool ads will show in this div