ناسا کے اہم خلائی مشن آرٹیمز ون کی روانگی کی تیاریاں مکمل
چاند پر انسانوں کو دوبارہ لے جانے کے لیے ناسا کا خلائی مشن آج روانہ ہوگا۔
غیرملکی خبرایجنسی کےمطابق چاند پر انسانی قدم رکھنے کے 50 برس بعد آرٹیمزخلائی پروگرام آج دوبارہ شروع ہورہا ہے۔
اس سلسلے میں اسپیس لانچ سسٹم راکٹ کو فلوریڈا کےکینیڈی اسپیس سینٹر سے خلا میں بھیجا جائے گا۔اس راکٹ میں کوئی خلا باز نہیں ہوگا اور اس کی لمبائی 322 فٹ ہے۔
فلوریڈا کے ساحل پر ہزاروں افراد راکٹ بھیجنے کے یہ مناظر دیکھنے کے لیے موجود ہونگے جن میں امریکی نائب صدرکمالا ہیرس کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اس خلائی مشن کا مقصد اسپیس لانچ سسٹم اور اورین کریو کیپسول کی جانچ کرنا ہے۔ آرٹیمز ون نامی اس خلائی مشن میں اورین کریو کیپسول راکٹ کے اوپری حصے پر نصب ہے۔
اس راکٹ میں مشن سے قبل 30 لاکھ الڑا کولڈ لیکویڈ ہائیڈروجن اور آکسیجن کی بھرائی کی گئی۔
ناسا حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ 80 فیصد امکان ہے کہ خلائی مشن کے لیے موسم بہتر ہوگا اور اس مقصد کے لیے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے بعد تک انتظار بھی کیا جاسکتا ہے۔ تاہم بارش اور آندھی چلنے کی صورت میں راکٹ کی لانچ ممکن نہیں ہوگی۔
29 اگست کو کسی وجہ سے اگر راکٹ کی روانگی ممکن نہ ہوسکی تو 2 ستمبر اور5 ستمبر کو خلائی مشن کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے۔