اسلحہ برآمدگی کیس میں شہباز گل کی ضمانت منظور
اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے اسلحہ برآمدگی کیس میں شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پچیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی۔
چند روز قبل اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ مارا تھا، اس موقع پر شہباز گل خود بھی ساتھ تھے۔ پولیس نے کمرے سے سیٹیلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیاء برآمد کی تھیں۔
اس موقع پر شہباز گتل نے کہا تھا کہ کمرے سے برآمد کیا گیا سامان ان کا نہیں، ان کے پاس اے کے 47 (کلاشنکوف) کا لائسنس ہے۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج طاہر محمود سپرا نے شہباز گِل کی ایک اور مقدمے میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
پولیس نے شہباز گِل سے متعلق کیس کا ریکارڈ پیش نہیں کیا۔ جس پر شہباز گِل کے وکیل نے کہا کہ بہت زیادتی کی بات ہے کہ پولیس مسلسل تاخیر کر رہی ہے۔
عدالت نے پولیس کو پیر تک ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔