بھارتی ڈاکٹروں کا کارنامہ، 30 دن کے بچے کا برین ٹیومر کا کامیاب آپریشن
بھارتی ڈاکٹروں نے برین ٹیومر کا کامیاب آپریشن کرکے 30 دن کے بچے کی جان بچالی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 30 دن کے بچے کو نئی دہلی کے منی پال اسپتال میں ہنگامی صورتحال میں دورے اور بے ہوشی کی شکایت کے ساتھ لایا گیا تھا، بچے کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے، سی ٹی اسکین میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی جبکہ دماغ میں شدید خون بہنے کا انکشاف بھی ہوا، نوزائیدہ بچے کے خون کے ٹیسٹ کی رپورٹس میں بھی بیماریوں کی نشاندہی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچے کی جان بچانے کیلئے ایچ او ڈی ڈاکٹر انوراگ سکسینہ اور کنسلٹنٹ نیورو سرجن کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جان لیوا ہیمرجک شاک سے بچنے کیلئے خون کے زیاں کو کم سے کم کرنے کیلئے خصوصی تکنیک اور آلات کا استعمال کرتے ہوئے برین ٹیومر نکالنے کی سرجری (جسے کرانیوٹومی بھی کہا جاتا ہے) کامیابی سے انجام دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نوزائیدہ بچے کا وزن صرف 3 کلو گرام تھا، یہی وجہ ہے کہ اسے بے ہوش کرنا ایک انتہائی رسک تھا، سرجری کے دوران خون کا زیاں بھی اس کی زندگی کیلئے خطرناک تھا، اہل خانہ کے ساتھ تفصیلی بات چیت اور اجازت کے بعد بچی کی سرجری کردی گئی۔
دہلی کے منی پال اسپتال کے ایچ او ڈی اور کنسلٹنٹ نیورو سرجن ڈاکٹر انوراگ سکسینہ نے اس حوالے سے کہا کہ جب بچے کو ہمارے پاس لایا گیا تو اس کی حالت انتہائی تشویشناک اور غیر مستحکم تھی، اسے برین ٹیومر اور ہیمرج دونوں صورتحال کا سامنا تھا، اس کی حالت انتہائی نازک تھی۔
انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے بچے نے سرجری کو برداشت کرلیا اور اگلے دن وینٹی لیٹر سے دودھ ہٹالیا گیا، اس کی حالت مسلسل بہتر ہوتی رہی جس پر اسے چند دن بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، اب وہ معمول کے فالو اپ چیک اپ پر ہے۔