عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق اسلام آباد پولیس کی وضاحت
اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی پر ایس پی کی سربراہی میں 70 اہلکار مامور ہیں۔ عوام جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سابق وزیراعظم کوصرف 5 سیکیورٹی اہلکارمہیا کئے جاتے ہیں مگر عمران خان کی حفاظت پر ایس پی کی سربراہی میں 70 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
ترجمان کے مطابق عمران خان کی سیکیورٹی پر گلگت بلتستان پولیس کے 7 اہلکار بھی مامور ہیں۔ عوام منفی اور بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔ اسلام آباد پولیس ہرقسم کے حالات میں فرائض اداکرنے میں پیش پیش ہے۔
واضح رہے کہ 21 اگست کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی سکیورٹی واپس لینے سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ دارالحکومت پولیس نے عمران خان سے سکیورٹی واپس نہیں لی، پولیس سکیورٹی واپس لینے سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتی ہے۔
پولیس نے کہا کہ چند افراد جھوٹی مہم چلا رہے ہیں، عوام کسی بھی خبر کو بغیر تصدیق کے شیئر نہ کریں۔