قطر ہمارے ایئرپورٹس لیز پر لینے کا خواہاں ہے، مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے قطرکا کامیاب دورہ کیا، قطر ہمارے ایئرپورٹس کو لیز پرلینے کا خواہاں ہے، قطرنے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات کی ہے، یو اے ای بھی ایک ارب ڈالرپاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے کہا آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، پیر کو آئی ایم ایف بورڈ فنڈز کی منظوری دے گا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا جن لوگوں نے بل جمع کرادیے انکے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ستمبر کے مہینے میں ایڈجسٹ کردیے جائیں گے، عوام کو بجلی کے دفتروں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا 3 کروڑ میں سے ایک کروڑ71 لاکھ صارفین سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزنہیں لیں گے، 200 سے 300 یونٹ کے صارفین کیلئے کمیٹی غور کرے گی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا 200 یونٹ والے جن صارفین نے بل جمع نہیں کرائے انہیں یہ بل جمع کرانے کی ضرورت نہیں انکے پاس نیا بل آجائے گا جس میں فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس نہیں ہوگا۔
وزیرخزانہ نے کہا وزیراعظم بجلی کے بلوں سے متعلق بہت پریشان تھے، مئی میں بجلی کی طلب 30 ہزارمیگاواٹ، پیداواری صلاحیت 25 ہزار میگاواٹ تھی، مئی بجلی بہت مہنگی بنی اور گرمی بھی بہت تھی۔
وزیر خزانہ نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مخیر حضرات وزیراعظم ریلیف فنڈ میں دل کھول کر امداد دیں، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابھی تخمینہ لگانا مشکل ہے، بارشوں اور سیلاب سے 40 سے 60 ارب کے مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا میں نے پیٹرولیم لیوی سمیت تمام فیصلے شہباز شریف کی منظوری سے کیئے، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانا ضروری تھا۔