اپیلٹ ٹریبونل نے عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا
لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ضمنی انتخاب لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا۔
اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شاہد وحید نے این اے 108 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ این اے 118 ننکانہ صاحب سے کاغذات نامزدگی منظور کيے جانے کیخلاف اپیل خارج کردی۔
اپیل کنندہ کے وکیل منصور اعوان نے دلائل میں کہا کہ این اے 118 ننکانہ صاحب میں عمران خان کا حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں تھا لہذا عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں ۔
دوسری جانب عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفرنے موقف اختیارکیا کہ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس این اے 108 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔
اپیلٹ ٹریبونل نے فریقین کے دلائل کے بعد عمران خان کو دونوں حلقوں سے اليکشن ميں حصہ لينے کی اجازت دیدی۔