چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار شہاز گل کے حق میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ریلے نکالنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف نیا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 19 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں شیخ رشید، اسدعمر، مراد سعید اور فیصل جاوید کے نام بھی شامل ہیں۔ اسد قیصر،راجہ خرم نواز،شہزادوسیم اورفیاض الحسن چوہان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بیس اگست کو شہباز گل کے حق میں ریلی کے دوران شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کےباوجود ریلی نکال کر سڑک بلاک کی گئی۔
واضح رہے کہ ہفتے کو ریلی کے اعلان کے بعد انتظامیہ کی جانب سے اپنے اعلامیے میں تنبیہ کی گئی تھی۔ اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شہر میں پانچ اور اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہے اور جو لوگ کسی بھی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جائیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جمعے کو عمران خان بغاوت کے الزام میں گرفتار اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل سے ملنے اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گئے، تاہم انہیں ملاقات کے بغیر ہی واپس جانا پڑا تھا۔
عمران خان نے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر وفاقی حکومت کی مذمت کی اور 20 اگست کو اس سلسلے میں اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا تھا۔