صوبائی وزیر نے امدادی سامان کے منتظر سیلاب متاثرین کو کھری کھری سنادیں
بلوچستان کے وزیر تعلیم کی بے حسی، امداد نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرنے والے سیلاب متاثرین کی داد رسی کرنے کی بجائے انہیں کھری کھری سنادی۔
سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع کوہلو سے تعلق رکھنے صوبائی وزیر تعلیم نصیب اللہ مری کی سیلاب متاثرین کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیلاب متاثرین صوبائی وزیر کے سامنے اپنی بے بسی اور امداد نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہیں اور ان سے مطالبہ کیا کہ امدادی سامان فراہم کیا جائے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ امدادی سامان نہیں ہیں، جس پر سیلاب متاثرین نے کہا کہ ہم احتجاج کریں گے تاہم صوبائی وزیر نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل میں گھرے متاثرین کو تلخ لہجے میں کھری کھری سنادیں، جس پر سیلاب متاثرین مایوس ہوگئے۔
صوبائی وزیر اور عوام کے درمیان ہونیوالی گفتگو
صوبائی وزیر نصیب اللہ مری: امدادی سامان کی قلت ہے۔
عوام: خدا گواہ ہے ہم دربدر ہوگئے، ہمیں امدادی سامان کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر: تو میں کیا کروں؟۔
عوام: ہمیں سامان چاہئے ہم یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔
صوبائی وزیر: اس وقت سامان نہیں ہے۔
عوام : اگر سامان نہیں ہے تو ہم نہیں اٹھیں گے۔
صوبائی وزیر تلخ لہجے میں: پھر بیٹھ جاؤ اس وقت میرے پاس سامان نہیں ہے۔