اسلام آباد کی رہائشی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی
سیکٹر جی 12 کی رہائشی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ 3 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی 12 کی رہائشی خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں خاتون کی مدعیت میں 3 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں متاثرہ خاتون نے بیان دیا ہے کہ ملزمان کی جانب سے زیادتی کے بعد اسے اور اس کے بچے کو قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اسے کرائے کا گھر چاہئے تھا، اسی سلسلے میں ایک ملزم نے اسے کرائے کا گھر دکھانے کا جھانسہ دیکر بلایا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ مکان دیکھنے گئی تو وہاں ملزم اور اس کے دو دیگر ساتھی بھی آگئے، اور تینوں نے مل کر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا، جب کہ زیادتی کے بعد سونے کی چین بھی چھین لی۔