عمران خان نے ثالثی کا کہا نہ ہی راولپنڈی والوں نے، شیخ رشید

حکومت مجھے گرفتار کرے گی تو اس کا شکر گزار ہوں گا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ثالثی کا کہا نہ ہی راولپنڈی والوں نے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ اتوار کو عمران خان کا لیاقت باغ میں جلسہ ہے، لیاقت باغ کے باہر اور اندر ہوگا، اگر روکا گیا تو دفعہ 144 کے 44 ٹکڑے کریں گے، میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، قوم کی آواز کو دبانا اس ملک کے ساتھ بڑی زیادتی ہوگی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 2 ووٹوں کی اکثریت سے عمران خان کے خلاف سازش بنائی، عمران خان کے خلاف جو کچھ کیا گیا وہ ان ہی کے حق میں گیا ہے، 13 جماعتیں عمران خان کو دیوار سے لگانا چاہتی تھیں، یہ 13 جماعتیں خود لکشمی چوک میں دفن ہونے والی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہباز گل پر جو تشدد ہوا اس سے عالم دنیا میں شرمندگی ہوئی، عمران خان نے گزشتہ روز حکمرانوں کو بے نقاب کیا ، شہباز گل سے متعلق عمران خان کے بیان سے حکمرانوں کی ناک کٹ گئی ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کی 80 فیصد آبادی پر عمران خان کی حکومت ہے، ہماری ساری سیاست اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کرانے پر ہونی چاہیے، جوڈو کراٹے نہیں الیکشن ہونے چاہئیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی حساس شہر ہے اس کا محل وقوع بھی حساس ہے، ملک کی کوئی سیاست راولپنڈی کے بغیر مکمل نہیں ہوتی، عمران خان نے ثالثی کا کہا نہ ہی راولپنڈی والوں نے، عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے بعد میرا راولپنڈی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

سینیئر سیاست دان نے کہا کہ حکومت مجھے گرفتار کرے گی تو اس کا شکر گزار ہوں گا، مجھے ایک اور کتاب لکھنی ہے، مجھے نہیں معلوم تھا کہ پہلی کتاب دو سے ڈھائی کروڑ میں بکے گی، دوسری کتاب تو 10 کروڑ روپے میں بکے گی۔

sheikh rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed

Tabool ads will show in this div