45 کروڑ 30 لاکھ روپےکی ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

درآمد شدہ کھیپ کو پرانے اور استعمال شدہ ٹائر اسکریپ بتا کر بھیجا گیا تھا

کراچی میں 45 کروڑ 30 لاکھ روپےکی ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کلکٹوریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قیمتی ممنوعہ اشیاء کو کلیئر کر کے اندرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ایف بی آر کے مطابق عرب امارات سے درآمد شدہ کھیپ کو پرانے اور استعمال شدہ ٹائر اسکریپ بتا کر بھیجا گیا تھا، جسے مشکوک جان کر تفصیلی جانچ کیلئےکراچی انٹرنیشنل کینٹینرٹرمینل میں بھیجا گیا۔

ایف بی آر نے بتایا کہ مکمل جانچ پڑتال ہوئی تو 10 میں سے 9 کینٹینرز سے مصنوعی زیورات سمیت دیگر سامان برآمد ہوا، جس کی پاکستانی روپوں میں مالیت 45 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق پکڑے گئے سامان میں مصنوعی زیورات، کپڑا، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، موبائل فون، آٹو پارٹس، فوڈ سپلیمنٹس، سیریلز، کاسمیٹکس، ڈی وی آر اور الیکٹرانکس کا سامان بھی شامل ہے۔

Tabool ads will show in this div