10 ستمبر سے پہلے حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، فواد چوہدری

سیاسی استحکام کا واحد طریقہ نئے انتخابات ہیں، رہنما پی ٹی آئی

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 10 ستمبرسے پہلے موجودہ حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، اور سیاسی استحکام کا واحد طریقہ نئے انتخابات ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازگل سے اظہار یکجہتی کے لئے کل راولپنڈی، اسلام آباد میں ریلیاں نکالی جائیں گی، جن کا مقصد شہباز گِل پر تشدد اور صحافتی پابندیوں کے خلاف احتجاج ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 21 اگست کو تحریک انصاف راولپنڈی میں جلسہ کر رہی ہے، جس کے بعد ملک گیر جلسے ہوں گے، یہ سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہے گا۔

فواد نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ 10 ستمبر سے پہلے موجودہ حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، اور ملک میں سیاسی استحکام کا واحد طریقہ نئے انتخابات ہیں۔

شہبازگل سے اظہاریکجہتی کے لئے پی ٹی آئی کی ریلیاں

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے بغاوت کیس میں گرفتار شہبازگل سے اظہاریکجہتی کے لئے کل ریلیوں کا اعلان کررکھا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رہنما تحریک انصاف بابراعوان کا کہنا تھا کہ شہبازگل کیلئے پوری پی ٹی آئی متحد ہے۔ عمران خان کل شہبازگل کی رہائی کیلئے ریلی بھی نکالیں گے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنے دیں گے کہ ہم 25 مئی کے ملزمان کو بھول جائیں گے۔ ہمارے پاس اور بھی آپشن ہیں جنہیں استعمال کریں گے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ تشدد کا مقصد شہبازگل کو توڑنا تھا ، عمران خان شہبازگل کی عیادت کیلیے اسپتال بھی جائیں گے ، کسی کوغلط فہمی میں رہنے نہیں دیں گے۔ مزید کہنا تھا کہ من پسند رپورٹ کیلیے پمز کا میڈیکل بورڈ تبدیل کیاگیا۔

PTI

Fawad chohdry

Tabool ads will show in this div