سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی اسکیم کا منصوبہ تیار

امدادی رقوم کی ادائیگی بائیو میٹرک طریقہ کار کے ذریعے کی جائے گی

حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی اسکیم کا منصوبہ تیار کرلیا۔

ملک میں ہونے والی مون سون بارشوں نے ہر طرف تباہی مچادی ہے، شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان متاثر ہوا ہے، جب کہ خیبرپختون خوا میں بھی متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں اور موسلادھار بارشوں نے ہزاروں گھر اجاڑ دیئے۔

حالیہ بارشوں اورسیلاب سے کئی علاقوں میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا، جس کے ازالے کے لئے وفاقی حکومت نے متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی اسکیم کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے نے متاثرہ تحصیلیوں اور یونین کونسلز تک ڈیٹا اکٹھا کیا، سیلاب متاثرین کا جمع شدہ یہ ڈیٹا بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کو فراہم کیا گیا، این ایس ای آر اور بی آئی ایس پی کے اشتراک سے متاثرین کی نشاندہی کی گئی۔

اب حکومت کی جانب سے ہنگامی امداد اسکیم کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہورہا ہے، جس کے لئے بی آئی ایس پی شناخت شدہ متاثرین کی فہرست شراکت دار بینکس سے شیئرکرے گا۔

متعلقہ بینکوں کی جانب سے تحصیل کی سطح پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے، اور متاثرین کو آسان ادائیگی کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد زیادہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امدادی رقوم فنڈز فراہمی کے بعد استفادہ کنندگان کے اکاؤنٹس میں 2 یوم میں منتقل ہوں گی، امدادی رقوم کی ادائیگی بائیو میٹرک طریقہ کار کے ذریعے کی جائے گی۔

تمام اہل خاندانوں کو رقوم وصول کرنے کے لیے ایس ایم ایس کے ذریعے رہنمائی فراہم کی جائے گی، شناخت شدہ خاندانوں کو امدادی رقوم کی جلد ترسیل کیلئے ضلعی انتظامیہ کو متحرک کیا جائے گا۔

بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام، ایس ایم ایس کے علاوہ، 8171 خصوصی نمبر کا اجرا کرے گا، متاثرین موبائل کے ذریعے 8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر معلومات حاصل کر سکیں گے۔

Rain and Flood

URBAN FLOODING

BALOCHISTAN FLOOD

Tabool ads will show in this div